عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی آئی ہے جس کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی آنے کے قوی امکانات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چین کی معیشت کے سپورٹ پلان پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال تاحال نہیں ہو سکا جس کے باعث چین میں فیول کی کم طلب کی وجہ سے خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی آئی ہے۔
بینچ مارک لندن برینٹ آئل کی قیمت میں 2 فیصد کمی دیکھنے کو ملی جس کے بعد لندن برینٹ آئل کی قیمت 1.48 ڈالر کم ہو کر 72.39 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت 2.32 فیصد کمی دیکھنے کو ملی، جس کے بعد امریکی خام تیل 1.60 ڈالر سستا ہو کر 68.78 ڈالر فی بیرل تک گر گیا۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی مضبوطی کے باعث سونے اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان بڑھ گیا ہے۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہو سکتی ہیں جس سے عوام کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ اس وقت عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کی کمی کا اثر عالمی معیشت پر پڑ رہا ہے اور اس کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی امیدیں بڑھ گئیں ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی صارفین کے لیے یہ ایک خوشخبری ہو سکتی ہے کیونکہ اس سے نہ صرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوگی بلکہ اس کے نتیجے میں مہنگائی پر قابو پانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔