ڈاکٹر عامر لیاقت حسین مرحوم کی اہلیہ دانیہ شاہ نے نازیبا ویڈیوز کیس میں اپنی بریت کے لیے عدالت سے درخواست دائر کر دی ہے۔
کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیشی کے دوران، دانیہ شاہ کے وکیل لیاقت گبول نے عدالت میں درخواست پیش کی۔
دانیہ شاہ کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کے خلاف مقدمہ جائیداد کے تنازع کی بنیاد پر جھوٹا بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ دانیہ نے نہ تو کوئی نازیبا ویڈیوز ریکارڈ کی ہیں اور نہ ہی انہیں کسی کے ساتھ شیئر کیا ہے۔
درخواست کے مطابق، ایف آئی اے نے دانیہ کے موبائل فون سے کوئی بھی نازیبا ویڈیوز برآمد نہیں کیں اور ان کے موبائل فون کو غیر قانونی طور پر قبضے میں لیا گیا۔
درخواست میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ دانیہ شاہ کے خلاف کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں ہے اور نہ ہی کوئی ایسا گواہ ہے جو اس مقدمے میں ان کے خلاف گواہی دے سکے۔
جبکہ دانیہ کا سوشل میڈیا پر بھی کوئی ایسا اکاؤنٹ نہیں ہے جہاں نازیبا مواد اپلوڈ کیا گیا ہو۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ مقدمہ پانچ ماہ کی تاخیر کے بعد درج کیا گیا، جو اس بات کی دلیل ہے کہ دانیہ شاہ کے خلاف الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔
دانیہ شاہ نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ انہیں اس مقدمے سے بری کیا جائے۔
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں سندھ ہائیکورٹ نے دانیہ شاہ کی ضمانت منظور کی تھی، ان پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے شوہر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کی تھیں۔
معاملے کی سماعت جاری ہے اور عدالتی کارروائی کا انتظار کیا جا رہا ہے