قومی کرکٹ ٹیم کے اسپنر عثمان قادر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
عثمان قادر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کرکٹ سے اپنی رخصتی کا باضابطہ اعلان دیا ہے اور اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران کوچز، ساتھی کھلاڑیوں، اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
عثمان قادر نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز تھا،پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا میرے لیے باعثِ فخر کی بات تھی۔میں اپنے کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور دوستوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہر قدم پر میری رہنمائی کی،مداحوں کی محبت اور حمایت ہمیشہ میرے ساتھ رہی،میں ان کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
عثمان قادر نے اپنے والد پاکستان کے عظیم لیگ اسپنر عبدالقادر (مرحوم) کی میراث کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔انہوں نے کہا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی میں اپنے والد کی وراثت کو اپنائے رکھوں گا،پاکستان کرکٹ کی روح ہمیشہ میرے ساتھ رہے گی اور کرکٹ سے میری محبت ہمیشہ برقرار رہے گی۔
عثمان قادر کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی اہلیہ صوبیہ عثمان نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ آج میرے لیے بطور پاکستانی ایک سیاہ دن ہے۔ پاکستان میں ہر میدان میں پسندیدگی پائی جاتی ہے اور یہ رویہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے،ہم تب تک ترقی نہیں کر سکتے جب تک ہم مستحق افراد کی حوصلہ افزائی اور حمایت نہیں کرتے۔
واضح رہے کہ عثمان قادر جو ماضی کے معروف لیگ اسپنر عبدالقادر کے صاحبزادے ہیں،انہوں نے قومی ٹیم میں بطور لیگ اسپنر اپنی جگہ بنائی اور مختصر وقت میں شاندار پرفارمنس دکھائی، 2019 میں پاکستان کیلئے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور ٹیم کیلئے کئی اہم میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا