سابق صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جلد ہی جیل سے باہر ہوں گے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
سابق صدرعارف علوی سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ بطور سپریم کمانڈر تھے،سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمیدپر کئی الزامات لگائے گئے، اس پر آپ کی کیا رائے ہے؟
جواب میں عارف علوی نے کہا کہ “بعد میں بہت کچھ ہوا ہے، میرے علم میں بہت کچھ تھا، لیکن اب جو ہوگا وہ بہتر ہوگا۔”
جنرل باجوہ کے کورٹ مارشل کے حوالے سے سوال پر سابق صدر نے کہا کہ “مجھے اس بارے میں علم نہیں، اس کا جواب عمران خان سے پوچھا جائے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “ان شاء اللہ، عمران خان جلد باہر آئیں گے۔”
سابق صدر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے خلاف 1500 کیسز چلائے جا چکے ہیں اور مزید بھی بنائے جا رہے ہیں، لیکن ان کوششوں کے باوجود وہ خود کو موقع دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
جب عارف علوی سے اسمبلی توڑنے کے اقدام پر آرٹیکل 6 لگانے کے امکان پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ “اگر آرٹیکل 6 چلانا چاہتے ہیں تو کوشش کر لیں، میں یہاں ہوں، زندگی اور موت کی جنگ میں بھی مقابلہ کروں گا۔”
عارف علوی نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ سے آڈیو لیکس کے خلاف رہے ہیں اور ان کی پرائیویٹ گفتگو سننے کا کسی کو حق نہیں ہے۔
ان کی اس گفتگو سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ عمران خان کی رہائی اور موجودہ سیاسی حالات پر پُر امید ہیں اور اپنے مؤقف پر مضبوطی سے قائم ہیں۔