عمران خان کی رہائی سے متعلق بڑی پیشگوئی

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے نومبر کے مہینے میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی پیشگوئی کر دی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے 15 دنوں میں عمران خان کی تمام مقدمات میں ضمانتیں ہو جائیں گی اور ان کے خلاف تمام کیسز نومبر کے مہینے میں ختم ہو جائیں گے۔

بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی 9 مئی کے حوالے سے مختلف کیسز میں آج ضمانت کے حوالے سے سماعت ہوئی، عمران خان کی ہدایت پر ان کیسز میں 2 ماہ پہلے ہی اپنے دلائل مکمل کرچکا ہوں، مگر سرکار کی جانب سے کوئی بھی ان مقدمات میں پیش نہیں ہو رہا۔

انہوں نے کہا کہ جب سرکار کسی مقدمے میں پیش نہ ہوتو پھر کیس کی فائل دیکھ کر فیصلہ کر دیا جاتا ہے، اس حوالے سے آج عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی ہے، سپیشل پراسیکیوٹر کو ہمیشہ عدالت میں پیش ہونا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے 24 مقدمات میں عمران خان کی ضمانت ہوچکی ہے، عمران خان باقی مقدمات میں بھی ضمانت کے حق دار ہیں، عمران خان کے تقریب تمام کیسز ختم ہوچکے ہیں، 10 سے 15 دونوں تک عمران خان کی باقی کسیوں میں بھی ضمانت ہو جائے گی، وہ اسی مہینے نومبر میں رہا ہو جائیں گے۔

قبل ازیں لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں عمران خان کی چار مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی جس میں وکیل سلمان صفدر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

وکیل سلمان صفدر نے موقف اپنایا کہ آپ نے پراسکیوشن کو دلائل کے لیے گیارہ موقع دیے ہیں، میں نے پراسکیوشن کو بہت زیادہ ریلیکس رکھا ہے کہ وہ اپنے دلائل دے دیں، اب لوگ مجھ سے سوال پوچھتے ہیں، مجھے جیل سے بھی پیغام آیا ہے کہ لاہور والے کیسز کا کیا بنا۔

جج اے ٹی سی نے استفسار کیا کہ پراسکیوشن کدھر ہے؟ پراسکیوشن کو بتا دیں آج وہ دلائل دینگے یا آج فیصلہ ہوگا، آرڈر شیٹ موجود ہے گیارہ تاریخیں کافی ہوتی ہیں۔

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ میں اپنے سارے کام مکمل کر کے آیا ہوں، اب مزید تاخیر نہیں ہوسکتی ہے، سوشل میڈیا بہت ظالم چیز ہے یہ کسی کو نہیں چھوڑتے، سوشل میڈیا پر لوگ مجھ پر سوال اٹھا رہے ہیں کہ یہاں کیس آگے کیوں نہیں بڑھ رہا۔

عدالت نے سپشل پراسیکیوٹر کو فوری پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کچھ دیر تک کے لئے ملتوی کردی

Leave a Comment