عمران خان یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے چانسلر؟

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے سال 2024 کے لیے انگلینڈ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے عہدے کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔

 اس پیشرفت کی تصدیق پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کی، جس میں کہا گیا کہ درخواست عمران خان کی ہدایات کے بعد جمع کرائی گئی ہے، جو ایک سال سے کئی مقدمات میں جیل میں نظر بند ہیں۔

زلفی بخاری نے امید ظاہر کی کہ اس تاریخی مہم کے لیے سب پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کا ساتھ دیں گے۔ اس سے قبل عمران خان 2005 سے 2014 تک یونیورسٹی آف بریڈ فورڈ کے چانسلر رہ چکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے سابق طالب علم ہیں۔ تاہم وہ اس وقت کرپشن اور دیگر مقدمات میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں، اور انہوں نے ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

عمران خان کا دعویٰ ہے کہ ان کے خلاف تمام مقدمات جھوٹے اور سیاسی محرکات پر مبنی ہیں۔ اپریل 2022 میں عمران خان کو عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا، وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے وزیراعظم بن گئے جنہیں اس طرح کے ووٹ کے ذریعے عہدے سے ہٹایا گیا۔

Leave a Comment