سعودی ایئرلائنز نے یوم سعودی عرب کے موقع پر عمرہ زائرین کے لیے ایئر لائن ٹکٹوں پر خصوصی رعایت کا اعلان کیا ہے، جس سے ہزاروں زائرین کو ریلیف ملنے کی امید ہے۔
ہر سال 23 ستمبر کو سعودی عرب کا قومی دن منایا جاتا ہے، اور اس موقع پر سعودی ایئرلائنز کی جانب سے مختلف پروازوں پر رعایت کی پیشکش کی جاتی ہے۔
اس سال بھی سعودی ایئرلائنز نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ رعایت خاص طور پر ان مسافروں کے لیے ہے جو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب کا سفر کرنا چاہتے ہیں۔
اس پیشکش کا فائدہ اٹھانے کے لیے عمرہ زائرین کو 30 اگست تک اپنی ٹکٹیں بک کرانی ہوں گی، اور اس رعایت کے تحت سفر یکم ستمبر سے 30 نومبر کے درمیان کیا جا سکے گا۔
رعایت کے بعد اسلام آباد سے جدہ کے ٹکٹ کی قیمت کم ہو کر 90 ہزار سے 1 لاکھ روپے تک ہو گئی ہے، جبکہ رعایت سے پہلے یہ قیمت 1 لاکھ 25 سے 1 لاکھ 30 ہزار روپے تھی۔
پچھلے سال کے مقابلے میں اس بار رعایت کا فائدہ کم محسوس ہو رہا ہے۔ پچھلے سال ٹکٹ کی قیمتیں 70 ہزار روپے تک کم ہو گئی تھیں، لیکن اس بار قیمتوں میں زیادہ کمی نہیں دیکھی جا رہی۔
رواں سال کی رعایت صرف مخصوص کیٹیگری کے ٹکٹوں پر دستیاب ہے۔ یہ رعایت زیادہ تر لوئر اکانومی کلاس جیسے ٹینگو اور لیما کیٹیگری کے ٹکٹوں پر لاگو کی گئی ہے، جبکہ ہائیر اکانومی کلاس کے ٹکٹوں پر زیادہ رعایت نہیں دی گئی۔
یہ رعایت ان زائرین کے لیے خوش آئند ہے جو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، لیکن انہیں اپنے سفر کی منصوبہ بندی کرتے وقت ان رعایتوں اور شرائط کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔