معروف گلوکار عمیر جسوال نے پہلی بار اپنی سابقہ اہلیہ،اداکارہ ثنا جاوید سے طلاق اور اپنی دوسری شادی کے بارے میں کھل کر بات چیت کی ہے۔
عمیر جسوال نے گزشتہ ماہ اکتوبر کے آغاز میں اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا،جس کی تصدیق انہوں نے انسٹاگرام پر دلہا بنے ہوئے اپنی ایک تصویر کے ساتھ کی۔اس تصویر کے کیپشن میں انہوں نے “الحمدللہ” لکھا اور ایک قرآنی آیت کا حوالہ دیا، جس کا مطلب تھا کہ “آپ کا رب عنقریب آپ کو اتنا کچھ عطا فرمائے گا کہ آپ راضی ہو جائیں گے۔”
عمیر جسوال حال ہی میں ایک سرکاری ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئے،جہاں انہیں شادی کی مبارک باد دی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد زندگی خوبصورت گزر رہی ہے۔
انہوں نے اپنی طلاق کے حوالے سے احتیاط سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خدا مجھ پر بہت مہربان رہا ہے اور اللہ ہمیشہ انسان کو ایک سفر کے ذریعے صحیح مقام پر پہنچاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تقدیر آپ کو درست مقام پر پہنچاتی ہے تو آپ کو احساس ہوتا ہے کہ اللہ نے آپ کو ایک مخصوص سفر سے کیوں گزارا،تب آپ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
عمیر نے یہ بھی بتایا کہ سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی طرف سے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار ہوا اور انہیں پیغامات موصول ہوئے جن میں لوگوں نے ان کی خوشی کیلئے دعا کی۔
واضح رہے کہ عمیر جسوال نے اپنی پہلی شادی اکتوبر 2020 میں ثنا جاوید سے شادی کی تھی، لیکن دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گزشتہ سال اس وقت زور پکڑ گئی تھیں،جب دونوں نے اپنی نکاح کی تصاویر اپنے انسٹاگرام سے ڈیلیٹ کر دیں،پھر جنوری 2023 میں ان کی علیحدگی کی تصدیق ہوئی، جب ثنا جاوید کی پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی کی خبر سامنے آئی۔