قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ارشد ندیم کو بڑی پیشکش

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کو قومی کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم میں آنے کی دعوت دی ہے۔
پی سی بی پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے گلیسپی نے ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے اور نیا ریکارڈ قائم کرنے پر ان کی تعریف کی۔
گلیسپی نے کہا، “ہم ارشد ندیم کو ڈریسنگ روم میں مدعو کرنے کے لیے بے حد خوش ہوں گے۔ میں نے دیکھا کہ کس طرح شاہینز نے اولمپکس کے دوران ان کا حوصلہ بڑھایا۔ ان کا آنا اور ٹیم کے ساتھ اپنا گولڈ میڈل شیئر کرنا ہمارے لیے بہت خوشی کا باعث ہوگا، خاص طور پر جب اولمپک جذبہ ابھی تازہ ہے۔ یہ ایک شاندار لمحہ تھا اور ہم ان کو ڈریسنگ روم میں آنے کے لیے کھلی دعوت دیتے ہیں۔”
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے بھی ارشد ندیم کی کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “ارشد ندیم نے ہمیں جذباتی کر دیا ہے۔ انہیں پوڈیم پر جھنڈا لہراتے اور اولمپک بیل بجاتے ہوئے دیکھنا لاجواب تھا۔ وہ جتنی پذیرائی حاصل کر رہے ہیں، اس کے مستحق ہیں اور وہ ایک قومی ہیرو ہیں۔ ان کی کامیابیاں پاکستان کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرتی ہیں اور ہم سب ان پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔”
شان مسعود نے ارشد ندیم کی کامیابی کے اثرات پر بات کرتے ہوئے مزید کہا، “کیا اس سے ٹیم پر دباؤ پڑتا ہے؟ میں اسے دباؤ کے طور پر نہیں دیکھتا بلکہ اسے ایک اعزاز سمجھتا ہوں۔ پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے اور ہر دن ہم جو کھیلتے ہیں وہ ایک موقع ہے۔ ہمیں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر فخر اور شکر گزار ہونا چاہیے۔ ارشد ندیم کی کامیابی ہمیں بھی متحرک کرتی ہے کہ ہم بھی پاکستان کے لیے کچھ اچھا کریں۔”
یاد رہے کہ ارشد ندیم ہفتہ کے روز وطن واپسی پر شاندار استقبال کے ساتھ ملک پہنچے تھے

Leave a Comment