محمد رضوان نے بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا

محمد رضوان آسٹریلیا میں سیریز جیتنے والے دوسرے پاکستانی کپتان بن گئے ہیں ان سے پہلے 2002 میں وقار یونس کی کپتانی میں پاکستان نے آسٹریلیا میں آخری سیریز جیتی تھی۔
ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان قومی ٹیم محمد رضوان کا کہنا تھا کہ آج کی جیت سے قوم بہت خوش ہوگی،میرے لیے اس جیت کے خاص لمحات ہیں۔کچھ عرصے سے پاکستان ٹیم توقعات کے مطابق نہیں کھیل پائی۔

رضوان نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم میں تمام کھلاڑی کپتان ہیں،آسٹریلیا کیخلاف آسٹریلیا میں کھیلنا آسان نہیں ،ہمارے بالرز نے کمال کی پرفارمنس دی ہے۔ ہمارے اوپنرز اچھا کھیلے،ہدف آسانی سے حاصل کیا،پاکستانی قوم کی دعائیں اور سپورٹ ٹیم کیساتھ ہوتی ہے،ٹیم کی جیت پاکستانی قوم کے نام کرتا ہوں۔

دوسری جانب پلیئر آف دی میچ اور سیزیز قرار پانے والے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے کہا کہ ہرفین کیلئے کھیلتے ہیں جو ہمیشہ سٹیڈیم آ کر ہمیں سپورٹ کرتے ہیں، سیریز سے قبل بولرز نے پلان بنایا تھا جس پر عمل کیا اور شاندار نتائج حاصل کیے۔

محمد رضوان کی کپتانی سے متعلق انہوں نے کہا کہ محمد رضوان نے تمام باؤلرز کو کھلی چھوٹ دی اور اٹیکنگ گیند بازی کرنے کا کہا، رضوان نے ہر لحاظ سے سپورٹ کیا جس کا رزلٹ سب کے سامنے ہے۔

واضح رہے کہ قومی فاسٹ بولر حارث رؤف نے سیریز میں 10 وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف نے پہلے میچ میں 3، دوسرے میچ میں 5 اور تیسرے ون ڈے میں 2 وکٹیں حاصل کیں، حارث کی لرزتی ہوئی تیز گیندوں نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن اپ کے پرخچے اڑا دیئے

Leave a Comment