محمد رضوان وائٹ بال فارمیٹ کے کپتان مقرر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو وائٹ بال فارمیٹ کا کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ساتھ ملاقات کے بعد یہ اہم فیصلہ کیا گیا۔اس فیصلے میں ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا کلیدی کردار رہا،جنہوں نے رضوان کی قائدانہ صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں کپتانی کیلئے نامزد کیا،پی سی بی سلیکٹرز نے بھی اس فیصلے کی حمایت کی ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم کی قیادت سونپنے کا مقصد ٹیم کو ایک مضبوط کپتان فراہم کرنا ہے،جو نہ صرف کارکردگی میں تسلسل لائے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی بھی کرے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سلمان علی آغا کو نائب کپتان مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے،جس سے ٹیم کی لیڈر شپ کو مزید مستحکم کیا جا سکے گا۔

واضح رہے کہ پی سی بی سلیکٹرز نے آئندہ دورہ آسٹریلیا کیلئے وائٹ بال اسکواڈ کی تشکیل کل فائنل کی تھی اور ان کھلاڑیوں پر غور کیا گیا ہے جو حالیہ چیمپئنز ون ڈے کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔اس اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ تجربہ کار کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔

کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ محمد رضوان کی کپتانی سے ٹیم میں نیا جوش و خروش آئے گا اور کھلاڑیوں کو ایک نیا حوصلہ ملے گا۔ ان کی اسائنمنٹ کو لے کر شائقین کرکٹ میں جوش و خروش بڑھ گیا ہے اور ان کے زیر قیادت ٹیم سے بہترین کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں۔

Leave a Comment