وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے “اپنی چھت اپنا گھر” منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ شہری اور دیہی علاقوں میں پلاٹ رکھنے والوں کو آسان شرائط پر طویل مدتی قرضہ ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت شہری علاقوں میں ایک سے پانچ مرلے، دیہی علاقوں میں ایک سے دس مرلے تک زمین پر پندرہ لاکھ قرض ملے گا۔ ماہانہ قسط 14 ہزار روپے ہوگی۔ قرض 7 سال کی آسان اقساط پر بلا سود فراہم کیا جائے گا۔ ابتدائی 3 ماہ میں کوئی قسط نہیں لی جائے گی۔ قرض پر کوئی ٹیکس یا خفیہ چارجز نہیں ہوں گے۔
اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ اسکیم بنانے میں کامیاب ہوئے، ہم جلدی جلدی گھر بنا کر لوگوں کو دیں گے، اس اسکیم کا سب سے زیادہ انتظار نواز شریف کو تھا، اپنے دور میں نواز شریف نے ہاریوں کو زمین دی تھی، وہ کہتے ہیں اگر کسی کو اپنا گھر اپنی چھت دے دو اس سے بڑی خدمت کوئی نہیں ہوسکتی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر شہری علاقے میں پانچ مرلے اور دیہی علاقوں میں دس مرلے کی زمین ہے تو حکومت 15 لاکھ بلاسود قرضہ دے گی، پہلے تین مہینے ایک روپیہ نہیں دینا پڑے گا، 14 ہزار روپے ماہانہ قسط دینی پڑے گی، مجھے اندازہ ہے کم آمدنی والے کیسے گزارہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں 45 سے 50 ارب کا ریلف دے رہے ہیں، اگلے سال سے تاریخ کا سب سے بڑا سولر پروگرام لے کر آ رہے ہیں، پنجاب حکومت سود ادا کرے گی کوئی ٹیکس نہیں دینا پڑے گا، پی آئی ٹی بی کے پورٹل پر ایپلائی کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس زمین کا ٹکرا ہے تو اپنے علاقے کے ڈی سی اور کمشنر آفس سے بھی معلومات لے سکتے ہیں، ہم نے کوشش کی ہے کہ اس کی قسط کرائے سے کم رکھے، ہم گھر بھی بنانے جا رہے ہیں، بہت جلد یہ گھر بنانے شروع کر دیئے جائیں گے، غریب کی بھی عزت نفس ہے اس کا خیال رکھنا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ سب سے زیادہ سیفٹی اپنے گھر سے آتی ہے، یہ اسکیمز عوام کی ضرورت کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہے، میرا ارادہ ہے کہ اگلے پانچ سال تک پورے پنجاب میں اس کو پھیلائیں گے، پورے پنجاب کے ڈی سیز کو بھی احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہر چیز میں لیڈ کر رہا ہے، لوگوں کی دوڑیں لگی ہوئی ہیں، میں ہر روز سولہ گھنٹے کام کر رہی ہوں، نہ میں خود آرام سے بیٹھتی ہوں نہ ان کو آرام سے بیٹھنے دیتی ہوں، آنے والے دنوں میں آپ دیکھیں گے کہ پچھلے پانچ چھ ماہ کی محنت رنگ لائے گی، اللہ تعالیٰ ہمیں اس نیک مقصد میں کامیاب کرے۔