وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ان کو اردو لکھائی میں دشواری کا سامنا کرتے دکھایا گیا ہے۔
پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے مزار اقبالؒ پر حاضری دی اور ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے دعا کی۔
اس موقع پر انہوں نے وہاں موجودمہمانوں کیلئے مخصوصی ڈائری میں اپنے تاثرات لکھنے کی کوشش کی۔
لیکن میڈیا میں جاری ویڈیو کے مطابق مریم نواز شریف کو اردو لکھائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک صارف نے لکھا کہ آجکل اردو میں لکھنے کی دشواری سب کودرپیش ہے۔کیونکہ اردو کی ترویج و تشہیر اور روزمرہ استعمال اور لکھنے پڑھنے اور پڑھانے کی طرف دھیان نہیں سب انگلش کی طرف متوجہ ہیں۔
وزیراعلیٰ نے علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا اور شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازے پر پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی، جہاں بوائے اسکاؤٹس کے دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اللہ کی طرف سے ہمارے لیے ایک عظیم نعمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پائندہ قوم ہے اور ہمیں اس آزادی کی قدر کرنی چاہیے جو ہمیں ملی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں کو بھی پاکستان میں مساوی حقوق حاصل ہیں، اور یہ ملک سب کا ہے۔ مریم نواز نے قوم کے ہر فرد کو مختلف میدانوں میں ملک کا نام روشن کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو بھی سراہا۔
مریم نواز نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام پیدا کیا جائے تو پاکستان ایک مثالی ملک بن سکتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ہمیں ایک قوم بن کر سوچنا چاہیے تاکہ پاکستان کی تقدیر بدل سکے۔ انہوں نے وطن پر جان قربان کرنے والے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔