مسجد سے نمازی کا لیپ ٹاپ چوری کرنیوالا ملزم گرفتار

صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے مسلم ٹاؤن میں مسجد سے نمازی کا لیپ ٹاپ چوری کرنے والا ملزم پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق انویسٹی گیشن ونگ مسلم ٹاؤن نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے چوری شدہ لیپ ٹاپ برآمد کر لیا، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کی گئی جس میں چور کو مسجد سے لیپ ٹاپ لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل شہری محسن ناصر کا لیپ ٹاپ ظہر کی نماز کے دوران ایوبیہ مارکیٹ کی مسجد سے چوری ہوا تھا،محسن ناصر نے تھانہ مسلم ٹاؤن میں واقعے کی رپورٹ درج کرائی، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ لیپ ٹاپ میں ان کا تھیسز ریسرچ ورک اور دیگر قیمتی ڈیٹا موجود تھا ، لیپ ٹاپ کی مالیت اڑھائی لاکھ روپے سے زائد تھی۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کو مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

حکام کی جانب سے کہا گیا کہ قانون نافذ کرنیوالے عناصر جرائم پیشہ عناصر کیخلاف متحرک ہیں، جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

Leave a Comment