معروف موسیقار طافو خان انتقال کرگئے

پاکستان کے نامور موسیقار الطاف حسین عرف طافو خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔
طافو خان نے پاکستانی فلم انڈسٹری کو کئی یادگار دھنیں دیں اور ان کی موسیقی نے کئی دہائیوں تک سامعین کے دلوں پر راج کیا۔

انہوں نے اپنے فنی کیریئر کے دوران 700 سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی،جس میں “سن وے بلوری اکھ والیا” جیسے مشہور گانے بھی شامل ہیں،جو آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

طافو خان کی شخصیت نہ صرف ایک موسیقار کے طور پر بلکہ ایک فنکارانہ استاد کے طور پر بھی پہچانی جاتی تھی،انہوں نے کئی مشہور گلوکاروں کو متعارف کروایا اور ان کی تربیت میں اہم کردار ادا کیا،ان کی موسیقی کے انداز نے پاکستان میں موسیقی کی دنیا کو ایک منفرد رنگ دیا۔

طافو خان کے انتقال پر ملک بھر کے فنکاروں اور موسیقی سے تعلق رکھنے والے افراد نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

معروف گلوکاروں اور موسیقاروں نے ان کی وفات کو ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان جیسے باصلاحیت موسیقار بہت کم پیدا ہوتے ہیں۔

فنکار برادری نے کہا کہ طافو خان نے اپنی زندگی موسیقی کی خدمت میں گزاری اور اپنے فن کو پروان چڑھایا،ان کی موت سے پاکستانی موسیقی ایک عظیم فنکار سے محروم ہوگئی ہے،جو ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے

Leave a Comment