معروف کامیڈین وکی کوڈو کی جان کو خطرہ

پاکستان کے معروف کامیڈین وکی کوڈو، جو اپنے مزاحیہ انداز اور بےمثال ٹیلنٹ کے باعث مشہور ہیں، نے حالیہ ویڈیو میں کچھ اہم اور افسوسناک انکشافات کیے ہیں جنہوں نے ان کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کو افسردہ کر دیا ہے۔

کامیڈین وکی کوڈو، جنہیں عوام کی جانب سے ہمیشہ محبت اور حمایت ملی ہے، نے ویڈیو میں اپنی موجودہ حالت کے ذمہ داروں کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔

وائرل ویڈیو میں وکی کوڈو نے بتایا کہ وہ اور ان کے اہل خانہ ایک مشکل صورتحال سے دوچار ہیں اور ان کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے اپنی حالت کا ذمہ دار تھیٹر مالکان کو قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر انہیں یا ان کے خاندان کو کچھ ہوا تو اس کے براہ راست ذمہ دار تھیٹر کے مالکان ہوں گے۔

وکی کوڈو کے ان انکشافات نے نا صرف ان کے مداحوں بلکہ ساتھی اداکاروں کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کے بعد مداحوں کی بڑی تعداد نے وکی کوڈو کی حمایت میں اپنی آواز بلند کی ہے اور ان کے لیے دعائیں کی ہیں۔

کچھ دن پہلے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وکی کوڈو عارضہ قلب کا شکار ہو گئے تھے اور انہیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کیا گیا تھا۔

اس خبر نے بھی ان کے مداحوں کو پریشان کر دیا تھا، اور سٹیج اداکاروں نے ان کی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی تھی۔

وکی کوڈو نے اپنے دل کی بات سوشل میڈیا پر کھل کر بیان کی، جس سے ان کے ساتھ ہونے والے رویے اور ان کے مسائل کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ کافی عرصے سے ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور اس کے پیچھے تھیٹر مالکان کے رویے کو بڑی وجہ قرار دیتے ہیں۔

Leave a Comment