ملتان ٹیسٹ:انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو شکست

انگلینڈ نے ملتان میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دے دی،جس سے ایک نئی تاریخ رقم ہوئی۔
پاکستانی ٹیم جو کہ پہلی اننگز میں 530 رنز بنانے کے باوجود انگلینڈ کے خلاف مشکلات کا شکار تھی،دوسری اننگز میں صرف 220 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔انگلینڈ کے مضبوط باؤلنگ اٹیک کے سامنے پاکستانی بلے باز بے بس نظر آئے اور انگلینڈ نے اس میچ میں یادگار فتح حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا اور عامر جمال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔دونوں نے 109 رنز کی قیمتی شراکت داری کی جس سے پاکستان کی امیدیں کچھ حد تک بحال ہوئیں،لیکن یہ کوشش پاکستان کو شکست سے بچانے میں ناکام ثابت ہوئی۔

سلمان علی آغا نے 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ عامر جمال نے 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ان کے علاوہ دیگر بلے باز نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔سعود شکیل 29،صائم ایوب 25،محمد رضوان 10،بابر اعظم 5 اور کپتان شان مسعود 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی اس فتح نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا،جہاں کسی ٹیم نے 500 سے زائد رنز بنانے کے باوجود اننگز کی شکست کا سامنا کیا۔ پاکستانی ٹیم کی اس ناکامی کے بعد ٹیم کیلئے آگے کی سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانا ضروری ہو گیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے پہلی اننگز میں 500 سے زائد رنز بنائے ہوں اور پھر بھی انہیں اننگز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Leave a Comment