ملزمہ آمنہ عروج کی میڈیکل رپورٹ میں نیا انکشاف

 خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ کیس کی مرکزی ملزمہ آمنہ عروج پر تشدد کے نشانات ملنے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے مکمل میڈیکل رپورٹ طلب کرلی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس طارق سلیم شیخ نے آمنہ عروج کی والدہ زینت بی بی کی درخواست پر سماعت کی، جس میں ملزمہ کے میڈیکل چیک اپ کی درخواست کی گئی تھی۔
سماعت کے دوران، سرکاری وکیل نے ملزمہ کی نامکمل میڈیکل رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ آمنہ عروج کی ٹانگوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں اور ان کے جسم پر تین مقامات پر چوٹیں ہیں۔
رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ملزمہ کے مزید ایکسرے اور ٹیسٹ کیے جائیں۔ تاہم، رپورٹ میں ملزمہ کے اس دعوے سے اتفاق نہیں کیا گیا کہ انہیں دوران تفتیش کرنٹ لگایا گیا تھا۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ مکمل میڈیکل چیک اپ میں کتنا وقت درکار ہوگا، جس پر اے ایم ایس ڈاکٹر فراز نے عدالت کو بتایا کہ مکمل رپورٹ تیار کرنے میں تین سے چار دن لگیں گے۔
عدالت نے اس پر حکم دیا کہ ملزمہ کی مکمل میڈیکل رپورٹ 27 اگست تک پیش کی جائے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ آمنہ عروج کی والدہ زینت بی بی نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ پولیس نے جسمانی ریمانڈ کے دوران ان کی بیٹی پر شدید جسمانی اور ذہنی تشدد کیا، جس کی وجہ سے وہ اندرونی اور بیرونی چوٹوں کا شکار ہوئیں۔
 درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ملزمہ کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے اور ان کا میڈیکل چیک اپ کروانے کا حکم دیا جائے۔
سماعت کے اختتام پر عدالت نے ملزمہ کی مکمل میڈیکل رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 27 اگست تک ملتوی کردی۔

Leave a Comment