ملکی معیشت کے لئے ایک اور اچھی خبر آ گئی، صوبہ سندھ کے ضلع سجاول سے تیل وگیس کے نئے ذخائر دریافت ہو گئے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو خط لکھ کر آگاہ کردیا، پی پی ایل کے لکھے گئے خط کے مطابق ذخائر شاہ بندر بلاک میں واقع پتیجی کنویں سے ملے ہیں، گیس کی پیداوارکا تخمینہ11.7ملین سٹینڈرڈ کیوبک فیٹ یومیہ ہے جبکہ تیل کی ابتدائی پیداوار کا اندازہ 198 بیرل یومیہ ہے۔
پی پی ایل نے خط میں لکھا کہ شاہ بندر بلاک صوبہ سندھ کے ضلع سجاول میں واقع ہے، خط میں پی پی ایل نے ساتھ کام کرنے والی کمپنیوں اور ان کی شراکت داری کے تناسب کا بھی ذکر کیا، پاکستان سٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا گیا کہ یہ شاہ بندر بلاک سے دریافت ہونے والے یہ تیسرے ذخائر ہیں۔
خط میں یہ بھی لکھا گیا کہ ماہرین کی جانب سے کنویں کی کھدائی کے دوران یہ ذخائر دریافت ہوئے، اس دریافت سے پاکستان کے ہائیڈرو کاربن ذخائر میں اضافہ ہو گا اور ملک میں جاری توانائی کے برہان میں بھی کمی واقع ہو گی، مزید براں یہ دریافت ملکی سرمایہ کاری میں اضافے اور بیرونی افراطِ ذر میں اضافے کا باعث بنے گی۔
قبل ازیں روپے کی قدر میں آج مسلسل تیسرے روز اضافہ دیکھنے کو ملا اور پاکستان سٹاک ایکسچینج نے بھی تاریخ سطح کو عبور کیا، انٹر بینک میں امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 7 پیسے اضافہ ہوا، روپے کی قدر میں بہتری کے ساتھ ہی پاکستان سٹاک ایکسچینج سے بھی اچھی خبر آئی ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج نے تاریخ رقم کر دی، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سٹاک ایکسچینچ میں 100 انڈیکس نے 95 ہزار ایک سو کی سطح کو عبور کیا۔
آج کاروباری دن کے دوران 100 انڈیکس میں 914 پوائنٹس کا شاندار اضافہ دیکھنے کو ملا، جس سے یہ انڈیکس 95 ہزار 106 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے اپنے پچھلے ریکارڈ کو عبور کرتے ہوئے ایک نیا سنگ میل طے کیا ہے