پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے اپنے حالیہ انٹرویو میں شادی سے متعلق خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ شادی کے بارے میں سنجیدہ ہیں اور جلد شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
ان کا یہ انٹرویو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے،جس میں انہوں نے اپنے ممکنہ شوہر کے معیار پر بھی تفصیل سے بات چیت کی ہے۔
انٹرویو کے دوران میزبان نے مشہور داکارہ مہوش حیات سے سوال کیا کہ جب چھ ماہ پہلے ان سے شادی کے بارے میں پوچھا گیا تھا تو انہوں نے انکار کر دیا تھا،لیکن اب وہ شادی کیلئے رضامند کیوں ہیں؟اس پر اداکارہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ان کی والدہ کی خواہش ہے کہ وہ شادی کریں اور اس بات پر زور دے رہی ہیں،والدہ کی اس خواہش کے بعد ہی میں نے شادی کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا شروع کر دیا ہے۔
رپورٹر نے جب ان سے شوہر کے متعلق سوال کیا تو مہوش حیات نے کہا کہ ان کا شوہر سب سے الگ اور سب سے جدا ہوگا۔ مزید وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر میں چند اہم خصوصیات دیکھیں گی،جیسے کہ اس کی خود مختاری، اس کا اپنے گھر والوں کے ساتھ رویہ اور غصے میں اس کا برتاؤ کیسا ہوتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کیلئے یہ چیزیں بہت اہم ہیں۔
یاد رہے کہ مہوش حیات اس سے قبل بھی مختلف انٹرویوز میں اپنی شادی کے ارادوں کا ذکر کر چکی ہیں اور مداحوں کو بتایا تھا کہ وہ جلد شادی کا ارادہ رکھتی ہیں،تاہم اب تک انہیں کوئی ایسا شخص نہیں ملا جو ان کی توقعات پر پورا اتر سکے۔
ان کا حالیہ بیان ان کے مداحوں کیلئے دلچسپی کا باعث بن گیا ہے،جو ان کے ممکنہ جیون ساتھی کے حوالے سے تجسس میں مبتلا ہیں۔