میں شہباز شریف کا لگایا ہوا پودا ہوں: ارشد ندیم

پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو مقابلے میں پاکستان کو سونے کا میڈل دلوانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ میں شہباز شریف کا لگایا ہوا پودا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوالہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ میں شہباز شریف کا لگایا ہوا پودا ہوں لیکن ابھی میں زیادہ بڑا نہیں ہوا، مزید آگے جانا ہے،پاکستان کے لیے مزید نام کمانا ہے۔
ارشد ندیم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میری پہلی تھرو غلط ہو گئی تھی ۔ لیکن دوسری تھرو کرتے ہوئے ذہن میں تھا کہ بہتر سے بہتر کروں گا۔ دوسری تھرو کے بعد کوچ کے پاس گیا تو انہوں نے کہا پچانوے فیصد پہلی پوزیشن ہے۔ میں نے کہا دعا کریں ورلڈ ریکارڈ بنا سکوں،وہ تو نہیں ہو سکا مگر اولمپکس کا ریکارڈ بن گیا۔
قومی ہیرو نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی پوری ٹیم نے بہت عزت دی ۔وزیراعظم، وزیر اعلیٰ اور تمام پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اتنی محبت اور عزت دی ۔آج مریم نواز میرے گاؤں آئیں ،بہت عزت افزائی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے محنت کا پھل پاکستانی قوم نے دیا ہے۔  مجھے آج انعامات سے بھی نوازا گیا اور میں بہت خوش ہوں۔  میں میاں نواز شریف کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا ۔ مجھے وزیراعظم کی پوری ٹیم نے بہت عزت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پوری پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں۔ آئندہ آنے والے ٹورنامنٹس میں مزید محنت کروں گا۔

 

Leave a Comment