نادرا کا اپنا فنڈ، شناختی کارڈ کی فیس تبدیل نہیں کی: نادرا حکام

چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے کہا ہے کہ نادرا کا اپنا فنڈ ہے، ہم نے فیس تبدیل نہیں کی، ہم نے کارڈز کو ری نیو نہیں کیا۔
راجہ خرم نواز کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نادرا کے دفاتر کو نہیں بڑھا سکتے۔

چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کا کہنا تھا کہ نادرا کے دفاتر کو بڑھانے سے شناختی کارڈ کی فیس بڑھانا ہوگی، 61 تحصیلیں ایسی ہیں جن میں نادرا کے دفاتر نہیں ہیں، یہ ایسی تحصلیں ہیں جہاں حکومت نے اعلان تو کر دیا لیکن ان کی حلقہ بندی نہیں کی۔

لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے بتایا کہ نادرا کا اپنا فنڈ ہے، ہم نے فیس تبدیل نہہں کی، ہم نے کارڈز کو ری نیو نہیں کیا، جب تک پراناکارڈ چل رہا ہے فرد نیا کارڈ نہیں بنواتا، لوگ شناختی کارڈ نہیں بںواتے تو ہمارا فنڈ بھی جنریٹ نہیں ہوتا۔

نادرا حکام کا کہنا تھا کہ 27 تحصلیں ہیں جہاں نادرا نہیں ہیں، زیادہ تحصیلیں کے پی کے اور بلوچستان سے ہیں جہاں ہمارے دفاتر نہیں، پنجاب میں مری اور تلہ گنگ ڈسٹرکٹس بنیں لیکن ان کی حلقہ بندیاں ہمارے پاس نہیں پہنچیں۔

زرتاج گل نے سوال اٹھایا کہ نگران حکومتوں نے تعیناتیاں کیسے کیں ؟ جن افسران کو نادرا سے نکالا گیا کیا سیکورٹی وجوہات تھیں ؟ افسران کی کونسی ڈگریوں کے ایشوز تھے ؟ 53 بلین آپ کا ریکارڈ ریونیو تھا، ہمارے ایریاز میں نادرا وینز بھیجی جائیں، 53 بلین ریونیو میں سے اخراجات کیا ہیں، ہمیں بتایا جائے۔

چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے کہا کہ نادرا میں تعیناتیوں کا تعلق حکومت سے نہیں ہوتا، نادرا چیئرمین کا تقرر حکومت کرتی ہے، نادرا میں بہت بڑا سائبر بریچ ہوا، 2.7 ملین پاکستانیوں کا ڈیٹا نکل گیا، ایک گریڈ 19 اور 5 دیگر افسران کو نوکری سے نکالا۔

لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے مزید کہا کہ نادرا کے اندر کئی ایسے تعیناتیاں ہوئیں جو ایڈورٹائز نہیں ہوئیں، بہت سے افسران نے اپنی ڈگریاں بعد میں مکمل کیں، ہمارا بجٹ 57 بلین ہے، 87 فیصد تنخواہوں میں جاتا ہے، 240 کے قریب ہمارے پاس نادرا وینز موجود ہیں، آپ کو جب بھی نادرا وینز چائیں، آپ ہیڈکوارٹرز رابطہ کریں، 90 وینز ہم مزید خریدنے جا رہے ہیں، 75 وینز پر سیٹلائٹ کنیکٹویٹی کی سہولت موجود ہوگی، کوئٹہ اور خیبرپختونخواہ میں 35 وینز پر سیٹلائٹ کنیکٹویٹی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک کارڈ 12سو روپے میں پڑتا ہے، پہلی دفعہ ہم شہریوں سے کارڈ کی فیس نہیں لیتے۔

Leave a Comment