آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں پاکستانی بیٹنگ ناکام رہی لیکن فاسٹ بولر نسیم شاہ پاکستان کے محض دوسرے بیٹر بنے جنہوں نے آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے میں اننگز میں 4 چھکے لگائے ۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے میلبرن میں کھیلے جا رہے پہلے میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے فلاپ شو پیش کیا۔
ٹیم مکمل 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 46.4 اوورز میں 203 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
میچ میں جہاں بڑے بڑے بلے باز ناکام رہے وہیں نسیم شاہ نے دسویں نمبر پر مشکل صورتحال میں تیز بیٹنگ کر کے پاکستان کو 200 کا ہندسہ پار کروایا اور 39 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔ نسیم شاہ نے چار چھکے بھی مارے اور بلے بازوں کو بتا دیا کہ بیٹنگ کیسے کی جاتی ہے۔
نسیم شاہ پاکستان کے محض دوسرے بیٹر ہیں جنہوں نے آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے میں اننگز میں 4 چھکے لگائے ۔
اس سے قبل سابق آل رائونڈر شاہد آفریدی نے 2005ء میں ہوبارٹ میں کھیلے گئے ون ڈے میں 26 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 56 ناٹ آئوٹ رنز سکور کیے تھے۔
صرف ایک پاکستانی بلے باز نے آسٹریلیا کے خلاف کسی بھی فارمیٹ میں ان سے زیادہ چھکے لگائے ہیں، مصباح الحق نے 2014ء میں اپنی 56 گیندوں کی سنچری میں 5 چھکے لگائے تھے۔
پاکستانی بیٹرز کی ناکامی کا غصہ فاسٹ بولر نے بلے پر نکالا اور تابر توڑ بیٹنگ کے دوران دو بلے توڑ ڈالے۔
بلے ٹوٹنے کے باعث نسیم شاہ کو دو بار بیٹ تبدیل کرنے پڑے۔ شاید اسی وجہ سے ان کا ردھم ٹوٹا اور وہ اپنے کیریئر کی پہلی نصف سنچری نہ بنا سکے