قومی ٹیم کے لیفٹ آرم سپنر نعمان علی نے ملتان ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں انگلینڈ کے خلاف 8 وکٹیں حاصل کرکے نیا اعزاز اپنے نام کرلیا ۔ ملتان میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کی، یہ ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کی 3 سال بعد پہلی فتح تھی۔
اس میچ میں پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ساجد خان بالترتیب 20 وکٹیں حاصل کیں۔ نعمان علی پاکستان کیلئے 10 وکٹیں لینے والے دوسرے پاکستانی لیفٹ آرم سپنر بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ اس سے قبل یہ کارنامہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم نے 1980ء میں سرانجام دیا تھا۔ نعمان علی کی دوسری اننگز میں 46 رنز کے عوض 8 وکٹیں ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں کسی بھی پاکستانی سپنر کی بہترین بولنگ ہے۔
38 سال کی عمر میں وہ ٹیسٹ میچوں میں 10 وکٹیں لینے والے پاکستان کی جانب سے اب تک کے معمر ترین کھلاڑی بھی ہیں۔ اس سے قبل ساجد خان نے انگلینڈ کیخلاف پہلی اننگز میں 26.2 اوورز میں 111 رنز دیکر 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر ملتان سٹیڈیم پر بہترین باولنگ فگرز کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ مسٹری سپنر ابرار احمد نے انگلینڈ ہی کیخلاف 2022ء میں 114 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ دنیش کنیریا نے 2001ء میں بنگلہ دیش کیخلاف 42 رنز دے کر 6 وکٹیں اور پھر 52 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ لیجنڈری بھارتی لیگ سپنر انیل کمبلے نے 2004ء میں پاکستان کیخلاف 72 رنز کے عوض 6 شکار کیے تھے۔