آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کھیلنے کی امیدیں برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کو بنگلہ دیش کیخلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آج سے آغاز ہو رہا ہے جو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، چیمپئن شپ کا فائنل آئندہ سال مارچ میں کھیلا جائے گا اور پوائنٹس ٹیبل پر دو ٹاپ ٹیمیں فائنل کھیلنے کی حقدار ہوں گی۔
اس وقت پوائنٹ ٹیبل پر بھارت پہلے اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے جب کہ پاکستان کا نمبر چھٹا ہے تاہم قومی ٹیم کے فائنل کھیلنے کے امکانات برقرار ہیں کیونکہ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں پاکستان کے ابھی 9 ٹیسٹ میچ باقی ہیں۔
بنگلہ دیش کیخلاف آج سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی فتح جہاں قومی ٹیم کو پوائنٹ ٹیبل پر تیسرے نمبر پر پہنچا دے گی، وہیں سیریز میں کلین سوئپ سے اس کی فائنل کھیلنے کی امیدیں بھی برقرار رہیں گی۔
پاکستان نے رواں ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں اب تک 5 میچز کھیلیں ہیں جس میں 2 میں فتح جب کہ 3 میں شکست ہوئی ہے۔ ٹیم کی جیت کی موجودہ اوسط 36.66 ہے جو بنگلہ دیش سے سیریز جیتنے کے بعد 57.14 ہو جائے گی۔ قومی ٹیم کے 9 میچز باقی ہیں اور اہم بات یہ ہے کہ اس میں سے 7 میچز پاکستان نے اپنے ہوم گراؤنڈز پر کھیلنے ہیں۔ تاہم ٹاپ پوزیشن پر موجود بھارت اور آسٹریلیا سے مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کو آنے والے تمام میچز میں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سائیکل میں قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز اور ویسٹ انڈیز کیخلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز پاکستان میں ہی کھیلے گی جب کہ 2 میچز کی سیریز کھیلنے آئندہ برس جنوبی افریقہ جائے گی۔ فائنل کھیلنے کے لیے بھارت کی ٹاپ پوزیشن ہے، مگر پاکستان کے پاس پلس پوائنٹ یہ ہے کہ دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا کے صرف پانچ ٹیسٹ میچز باقی ہیں اور بھارت یہ سیریز جیت کر آسٹریلیا کو پیچھے دھکیل سکتا ہے، جس سے پاکستان سمیت دیگر ٹیموں کے لیے فائنل تک پہنچنے کے دروازے کھل جائیں گے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ : پاکستان کو فائنل کھیلنے کی امید برقرار رکھنے کیلئے بنگلہ دیش کیخلاف کلین سوئپ درکار
