وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025ء کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے سرکاری حج پالیسی 2025 ء کی منظوری دے دی ہے۔

جس کے تحت آئندہ سال حج پیکج کی قیمت 10 لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان متوقع ہے۔ اس نئی پالیسی کے مطابق ایک لاکھ 75 ہزار پاکستانی عازمین حج 2025 میں مقدس فریضہ ادا کرنے کے لیے جائیں گے۔

حکومت اور نجی حج آپریٹرز کو مساوی کوٹہ دیا جائے گا، جس کے مطابق ہر ایک کو 89 ہزار 605 حجاج کا کوٹہ ملے گا۔ اس کے علاوہ، خصوصی حالات کے تحت ایک ہزار حجاج کے لیے کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جبکہ 300 حجاج کا کوٹہ ای او بی آئی کے تحت رجسٹرڈ کم آمدنی والے مزدوروں کو دیا جائے گا۔

آئندہ سال کا حج دو اقسام پر مشتمل ہوگا: طویل حج کا دورانیہ 38 سے 42 دن ہوگا جبکہ مختصر حج کا دورانیہ 20 سے 25 دن تک محدود ہوگا۔ اہم بات یہ ہے کہ 12 سال سے کم عمر بچوں کو حج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

حج پالیسی 2025 ء میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ سعودی حکومت سے منظور شدہ ویکسین عازمین حج کے لیے لازمی ہوگی۔ مزید برآں، “روڈ ٹو مکہ” سہولت کراچی، لاہور، اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس پر دستیاب ہوگی تاکہ عازمین کو سفری آسانی فراہم کی جاسکے۔

خواتین کے لیے حج کے دوران اسلامی نظریاتی کونسل کی شرائط کے تحت محرم کے بغیر سفر کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جس سے خواتین عازمین کو بھی شرعی اور قانونی طریقوں کے مطابق حج کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔

Leave a Comment