ٹیسٹ کرکٹ کی 148 سالہ تاریخ کا وہ اعزاز جو عمران خان کے علاوہ کسی کپتان کے پاس نہیں

ورلڈ کپ 1992ء کے فاتح اور قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان ٹیسٹ کرکٹ کی 148 سالہ تاریخ کے ایک ایسے منفرد اعزاز کے مالک ہیں جو آج تک کوئی اور کپتان نہیں کرسکا ہے۔ عمران خان نے 1983ء میں بھارت کیخلاف 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز کی تیسرے مقابلے میں اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں پہلی اننگز میں 98 رنز دیکر 6 کھلاڑی آئوٹ کیے اور بھارتی ٹیم کو 372 رنز پر پوویلین چلتا کیا، پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 652 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ بناڈالا ، پاکستان کی جانب سے جاوید میاندار (126)، ظہیر عباس (168) ، سلیم ملک (107) اور عمران خان (117) نے سنچریاں سکور کیں، بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں بھی زیادہ مزاحمت نہیں کرسکی اور پوری ٹیم محض 286 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی، پاکستان نے 7 رنز کا مطلوبہ ہدف بغیر وکٹ کھوئے حاصل کرکے بھارتی ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دی ، عمران خان نے دوسری اننگز میں بھی 82 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں اور یوں انہوں نے ٹیسٹ میں سنچری سکور کرنے کے ساتھ ساتھ 11 وکٹیں بھی حاصل کیں، ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں عمران خان کے علاوہ اور کوئی کپتان آج تک ایک ٹیسٹ میچ میں سنچری سکور کرنے اور 10 وکٹیں لینے کا کارنامہ سرانجام نہیں دے سکا۔

 

واضح رہے کہ عمران خان نے اپنے شاندار 21 سالہ کرکٹ کیرئیر کے دوران 1971ء سے 1992ء کے دوران پاکستان کے لیے 88 ٹیسٹ اور 175 ون ڈے میچز کھیلے۔ بیٹنگ میں ان کی ایوریج 37 اور بولنگ میں 22 اوسط نے انہیں سٹار آل راؤنڈرز کی چوٹی میں سب سے اوپر درجے رکھا، عمران خان کے بین الاقوامی کرکٹ کیرئیر کے آخری 10 سالوں کے دوران انہوں نے 51 ٹیسٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سابق کپتان نے 1987ء میں انگلینڈ میں پاکستان کو اپنی پہلی سیریز میں فتح دلائی لیکن ان کے کیرئیر کا بہترین لمحہ اس وقت آیا جب پاکستانی ٹیم نے ان کی قیادت میں 1992ء کے ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کی۔

Leave a Comment