پاکستان میں پاسپورٹ دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کی شروعات کر دی گئی ہے۔
ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی کی جانب سے ایجنٹ مافیا کیخلاف کارروائیوں کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں سخت نگرانی اور کڑی کارروائیاں کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی پاسپورٹس نے تمام ریجنل دفاتر کو ہدایت دی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ رپورٹ ہیڈ کوارٹرز میں جمع کروائیں۔اس کے ساتھ ہی خفیہ ٹیموں کی جانب سے سرپرائز وزٹس بھی کیے جائیں،تاکہ ایجنٹ مافیا کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔
اس سلسلے میں لاہور کے پاسپورٹ دفتر گارڈن کے باہر کارروائی کی گئی، جہاں ایک ایجنٹ کو گرفتار کر کے اس کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ایجنٹ کو حراست میں لے لیا اور اس سے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایجنٹ مافیا کیخلاف حکومت کے اقدامات میں تعاون کریں تاکہ ملک بھر میں پاسپورٹ کے حصول کو شفاف اور آسان بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاسپورٹ کی فراہمی میں تاخیر کی شکایات کا تدارک بھی کر لیا گیا ہے، اب شہریوں کو مقررہ وقت سے بھی کم عرصے میں پاسپورٹ فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کیلئے بغیر کسی رکاوٹ کے آسانی سے پاسپورٹ کے حصول کو ممکن بنا سکیں۔