پاکستانی لڑکی کی محبت میں بارڈر کراس کرنے والے بھارتی شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع علی گڑھ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ بادل بابو کو پنجاب کے شہر منڈی بہاؤالدین سے پنجاب پولیس نے گرفتار کیا۔ تفتیش کے دوران بھارتی شہری نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر پاکستانی لڑکی سے دوستی ہوئی جو محبت میں بدل گئی، رومانوی تعلقات استوار ہونے کے بعد محبوبہ سے ذاتی طور پر ملنے کے لیے دل بے چین ہوا تو ویزہ، سفری دستاویزات یا کسی بھی قسم کے اجازت نامے کے بغیر بارڈر کراس کرکے پاکستان آگیا اور یہاں اُس لڑکی سے ملاقات بھی ہوگئی۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ایک دن شک کی بنیاد پر ملزم کو روکا تو یہ معاملہ سامنے آیا، جس پر پولیس نے بھارتی شہری سے سفری دستاویزات دکھانے کا مطالبہ کیا تووہ ناکام رہا، جس کی وجہ سے 27 دسمبر 2024ء کو بادل بابو کو گرفتار کیا گیا، جس کے بعد مزید تفتیش میں یہ بھی پتا چلا کہ اس نے پہلے بھی دو بار سرحد پار کرکے پاکستان آنے کی کوشش کی تاہم پہلی دونوں بار وہ اس میں ناکام رہا۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سے پہلے بھارتی لڑکی انجو بھی پاکستان میں اپنے محبوب سے ملنے آئی تھی جہاں اس نے اسلام قبول کرکے پاکستانی نوجوان نصر اللہ سے نکاح کرلیا جب کہ 2023ء میں سیما حیدر نامی خاتون پب جی گیم پر بھارتی لڑکے سے دوستی کے بعد اپنے 4 بچوں سمیت نیپال کے راستے بھارت پہنچی اور وہاں نوجوان سے شادی کرلی، اسی طرح سال 19 سالہ پاکستانی لڑکی اقرا جیوانی کی 25 سالہ بھارتی شہری ملائم سنگھ یادیو سے آن لائن گیم کے ذریعے دوستی ہوئی جس کے بعد اقرا جیوانی اور ملائم سنگھ یادیو نے نیپال میں شادی کرلی۔