پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج برسبین میں کھیلا جائے گا لیکن ہلکی بارش کے سبب ٹاس تاخیر کا شکار ہوگیا۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ دوپہر ایک بجے شروع ہونا ہے لیکن تاحال ٹاس نہ ہوسکا جب کہ پچ کو کور سے ڈھانپ دیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے والے 12 ویں کپتان ہونگے۔ ان کا کہنا ہے کہ تیاری اچھی ہے، فائنل الیون سے متعلق وہی فیصلہ کیا جائے گا جو بہتر ہوگا۔
جوش انگلس سیریز میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گے، آسٹریلیا کو مچل اسٹارک، جوش ہیز ل ووڈ، مستقل کپتان مچل مارش اور اوپنر ٹریوس ہیڈ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔
یاد رہے پاکستان نے آسٹریلیا کو اسی کی سر زمین پر تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز میں دو، ایک سے شکست دے کر کینگروز کے دیس میں 22 سال بعد یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس کے ساتھ ہی گرین شرٹس آسٹریلیا میں ایشیا کی سب سے کامیاب کرکٹ ٹیم بن گئی ہے۔
اس سے قبل وقار یونس کی قیادت میں گرین شرٹس نے آسٹریلیا کو 2002 میں ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی۔
سیریز میں اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے بعد دنیائے کرکٹ کی تیسری ٹیم بن گئی ہے جس نے کینگروز کو اسی کی سر زمین پر دو طرفہ ون ڈے سیریز میں دوسری بار شکست دی ہے۔