مڈل سیکس کرکٹ نے پاکستانی آل راؤنڈر ظفر گوہر سے معاہدہ کرنے کا اعلان کیا ہے جو 2 سالہ معاہدے پر کلب میں شامل ہوئے ہیں، جس کے تحت وہ 2026ء کے سیزن کے اختتام تک لارڈز میں رہیں گے۔
پاکستانی انٹرنیشنل نے پہلے گلوسٹر شائر کے ساتھ چار سیزن گزارے لیکن برسٹل میں کھیلنے کے بعد کلب کو چھوڑ دیا ہے اور اب وہ مقامی کھلاڑی کے طور پر تینوں ڈومیسٹک فارمیٹس میں مڈل سیکس کے لیے دستیاب ہوں گے۔
29 سالہ ظفر گوہر نے اپنے شاندار کیریئر میں 84 فرسٹ کلاس میچز میں 31.52 کی اوسط سے 300 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں ، ان کے بہترین باولنگ اعداد و شمار 79رنز کے عوض 7 وکٹیں ہیں۔
بلے کے ساتھ انہوں نے 22.46 کی اوسط سے 2,538 رنز بنائے ہیں اور ان کا بہترین سکور 100* رہا ہے۔
وائٹ بال کرکٹ میں ظفر گوہر نے لسٹ اے میں 56 رنز پر 5 اور ٹی ٹوئنٹی میں 14 کے عوض 4 کی شاندار کارکردگی کے ساتھ 160 میچ کھیل کر 199 وکٹیں حاصل کیں۔
گلوسٹر شائر میں اپنے وقت میں ظفر گوہر نے ایک غیر ملکی کھلاڑی کے طور پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34 فرسٹ کلاس میچوں میں 118 وکٹیں حاصل کیں جس میں 43 رنز کے عوض 6 وکٹوں کی بہترین کارکردگی بھی شامل تھی
پاکستان سے مایوس سپنر ظفر گوہر نے انگلش کاؤنٹی مڈل سیکس سے بطور لوکل کھلاڑی معاہدہ کرلیا
