پاکستان کرکٹ ٹیم نے تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے آسٹریلیا کی سرزمین پر ون ڈے سیریز جیت کر ایشیا کی کامیاب ترین ٹیم کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
یہ فتح پاکستان کیلئے ایک بڑا سنگِ میل ہے کیونکہ گرین شرٹس نے 22 برس بعد آسٹریلیا کیخلاف آسٹریلوی میدان پر پہلی بار ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
اس کے ساتھ ہی پاکستان نے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے بعد آسٹریلیا میں دو طرفہ ون ڈے سیریز جیتنے والی تیسری ٹیم ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ تین میچوں کی سیریز کا فیصلہ پرتھ میں آخری میچ کے بعد ہوا،جس میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2-1 سے کامیابی اپنے نام کی۔
اس فیصلہ کن میچ میں پاکستان کے بولنگ اٹیک نے آسٹریلیا کے بیٹنگ لائن اپ کو ناکام بنا دیا اور انہیں 140 رنز کے معمولی اسکور پر ہی پویلین کی جانب لوٹنے پر مجبور کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں،جبکہ حارث رؤف نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
دوسری جانب بلے بازی بازی کی بات کی جائے تو پاکستان نے 141 رنز کے ہدف کا تعاقب پراعتماد انداز میں کیا،جہاں اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے 84 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی۔لانس مورس نے دونوں اوپنرز کو ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا،لیکن اس کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان نے میدان سنبھالتے ہوئے 8 وکٹوں سے فتح دلائی۔
خیال رہے کہ پاکستان کی یہ شاندار جیت انگلینڈ کیخلاف حالیہ ہوم ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد حاصل ہوئی ہے،جس سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے اور آئندہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز میں کامیابی کی امیدیں بھی مزید بڑھ گئی ہیں۔