پنجاب میں آٹے کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ، آٹے کے تھیلے کی قیمت میں اضافہ ہونے کے بعد روٹی بھی مہنگی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں آٹے کے 15 کلو والے تھیلے کی قیمت میں 150 روپے اضافہ ہوگیا۔ آٹے کا 10 کلو والا مارکیٹ سے غائب ہو گیا جس کے بعد گوجرانوالہ میں آٹے کے 15 کلو والے تھیلے کی قیمت میں 150 روپے اضافے کے بعد 1250 میں ملنے والا 15 کلو آٹے کا تھیلہ 1400 کا ہوگیا۔
آٹے کی قیمت بڑھتے ہی تندور مالکان نے روٹی کی قیمت میں اضافہ کردیا، شہر میں 12 روپے والی روٹی بڑھ کر 15 روپے کی ہوگئی۔ جبکہ فلور ملز کی جانب سے 10 کلو اور 20 کلو کے آٹے کے تھیلوں کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں بدتریج اضافے کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
پنجاب کے ساتھ ساتھ سندھ میں بھی آٹے کی قیمت میں بڑے اضافے کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2200 روپے سے اوپر جا چکی، یوں کراچی والے ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ جبکہ کراچی اور پنجاب کی غلہ مارکیٹوں میں 100 کلو گندم کی قیمت 12000 روپے کی سطح کو چھو گئی ہے۔ گندم کی لین دین سے وابستہ افراد کے مطابق کراچی اور پنجاب کی غلہ مارکیٹوں میں گندم کی قلت دیکھی جا رہی ہے۔ جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں آٹا مزید مہنگا ہو سکتا ہے۔