پنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے دی

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں قومی ٹیم کے اسپنر ساجد خان نے 10 اور نعمان علی نے 8 وکٹیں حاصل کر کے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

کھیل کے تیسرے روز انگلینڈ نے 24 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، مہمان ٹیم کا دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، زیک کرالے 2، بین ڈکٹ 12 اور اولی پوپ صرف ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ہیری بروک نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن وہ بھی 26 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، کپتان بین اسٹوکس صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، تجربہ کار انگلش بلے باز جو روٹ کی ہمت بھی 33 رنز پر جواب دے گئی۔

پہلی اننگز میں 89 رنز کی اننگز کھیلنے والے جیمی اسمتھ صرف 3 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، ریحان احمد 7، گس ایٹکنسن 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے نعمان علی نے 6 اور ساجد خان نے 4 وکٹیں حاصل کی۔

راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز

انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم نے جیمی اسمتھ کے 89 اور بین ڈکٹ کے 52 رنز کی بدولت 267 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 6، نعمان علی نے 3 اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی ۔

قومی ٹیم پہلی اننگز میں سعود شکیل کی 134، ساجد خان کے 48 اور نعمان علی کے 45 رنز کی بدولت 344 رنز پر آؤٹ ہوئی، یوں انہیں مہمان ٹیم پر 77 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ انگلینڈ کی جانب سے ریحان احمد 4، شعیب بشیر 3، گس ایٹکنسن 2 اور جیک لیچ ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے، ابتدائی دونوں میچز ملتان میں کھیلے گئے تھے، پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دی تھی۔

Leave a Comment