پہلا ٹی 20 میچ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے ہرا دیا

آسٹریلیا نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 29 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم کی جانب سے سلمان علی آغا نے ڈیبیو کیا۔ بارش کے باعث میچ 7 اوورز تک محدود کیا گیا۔ آسٹریلیا نے مقررہ 7 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز سکور کیے، گلین مکیسویل 43 اور مارکس اسٹونس 21 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کے 94 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئی بھی پاکستانی بلے کریز پر جم کر کھیل نہ سکا، یک بعد دیگر گرتی وکٹوں سے گرین شرٹس 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 64 رنز ہی بنائے، پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی 20 اور حسیب اللہ خان 12 رنز کیساتھ نمایاں بلے باز رہے، کینگروز کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ اور نیتھن ایلس نے 3، 3 جبکہ ایڈم زیمپا نے 2 اور سپینسر جانسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے والے 12 ویں کپتان کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تیاری اچھی ہے، فائنل الیون سے متعلق وہی فیصلہ کیا جائے گا جو بہتر ہوگا۔

جوش انگلس سیریز میں آسٹریلیا کی قیادت کر رہے ہیں، آسٹریلیا کو مچل سٹارک، جوش ہیز ل ووڈ، مستقل کپتان مچل مارش اور اوپنر ٹریوس ہیڈ کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔

یاد رہے پاکستان نے آسٹریلیا کو اسی کی سر زمین پر تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز میں دو، ایک سے شکست دے کر کینگروز کے دیس میں 22 سال بعد یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس کے ساتھ ہی گرین شرٹس آسٹریلیا میں ایشیا کی سب سے کامیاب کرکٹ ٹیم بن گئی ہے۔

اس سے قبل وقار یونس کی قیادت میں گرین شرٹس نے آسٹریلیا کو 2002 میں ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی۔

سیریز میں اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے بعد دنیائے کرکٹ کی تیسری ٹیم بن گئی ہے جس نے کینگروز کو اسی کی سر زمین پر دو طرفہ ون ڈے سیریز میں دوسری بار شکست دی ہے۔

Leave a Comment