پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹرز کے فٹنس مسائل کی بروقت تشخیص اور حل کے لیے کنسلٹنٹ اسپورٹس میڈیسن کی تقرری کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کنسلٹنٹ اسپورٹس میڈیسن کی تلاش کے لیے اشتہاربھی جاری کر دیا ہے،یہ کنسلٹنٹ کھلاڑیوں کے مسائل کی بروقت تشخیص،علاج، اور ری ہیب کے ذمہ دار ہوگا اور قومی اور ڈومیسٹک فزیو تھراپسٹس و ٹرینرز کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنائے گا۔
کنسلٹنٹ کے لیے ایم بی بی ایس کی ڈگری، 10 سال کا تجربہ، اسپورٹس کلچر کی سمجھ بوجھ، اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت لازمی قرار دی گئی ہے۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار 10 اکتوبر تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کی تکالیف کی تشخیص میں مشکلات کا سامنا رہا ہے، جس کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
یہ فیصلہ پی سی بی کے ڈاکٹر سہیل سلیم کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہونے والے ڈائریکٹر میڈیکل کے عہدے کے تناظر میں کیا گیا ہے، تاکہ کھلاڑیوں کی فٹنس کو بہتر بنایا جا سکے