پی ٹی آئی ایم این اے ممتاز مصطفیٰ انتقال کرگئے

رحیم یار خان این اے 171 سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے ایڈووکیٹ ممتاز مصطفیٰ دل کا دورہ پڑنے سے رضائے الہٰی سے وفات پاگئے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے رکن قومی اسمبلی ممتاز مصطفی کا آج انتقال ہو گیا، اس لیے آج روایت کے مطابق اجلاس نہیں ہوگا۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ممتاز مصطفی نے جمعہ کی نماز ہمارے ساتھ پڑھی تھی، آج جو قرارداد کشمیر کے حوالہ سے پیش کی جانا تھی وہ اب کل ہوگی، آج سہ پہر تین بجے یہاں سے اکٹھے ہو کر اقوام متحدہ کو اسماعیل ہنیہ کے حوالہ سے قرارداد جمع کرانی ہے، تمام سینئر ارکان سے درخواست ہے کہ وہ پہنچ جائیں۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ ایم این اے ایڈووکیٹ ممتاز مصطفی وزیراعظم عمران خان کے با اعتماد ساتھی تھے، وہ نہایت قابل اور دلیر شخص تھے، ان کی کمی ہمیں ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی و پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) اسد قیصر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ رحیم یار خان سے ہمارے ممبر قومی اسمبلی ممتاز مصطفیٰ کے انتقال کا سن کر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا، مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اللّه تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

 

 

Leave a Comment