پی ٹی آئی رہنما شاہد صدیق کا قاتل گرفتار، تہلکہ خیز انکشافات

عمران خان کے قریبی ساتھی و پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شاہد کے قتل کے جرم میں ان کے بیٹے قیوم شاہد کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ہسپتال کے مالک اور مقامی پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شاہد قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے مقتول کے بیٹے قیوم شاہد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق او سی یو ٹیم نے قیوم شاہد کو باپ کو قتل کرنے پر گرفتار کیا۔ ملزم نے دوران تفتیش اپنے والد شاہد صدیق کو قتل کروانے کا اعتراف کر لیا۔

قیوم شاہد نے اپنے والد شاہد صدیق کو خرچے کے لیے پیسے نہ دینے اور بے جا سختی کرنے پر قتل کروایا۔ 8 ماہ پہلے بھی چوہنگ کے علاقے میں اپنے والد پر بیٹے قیوم نے فائرنگ کی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق بیٹے نے شوٹرز کو پیسے دے کر والد کو قتل کروایا۔ شوٹرز کو کچھ رقم پہلے ادا کر دی گئی جبکہ باقی رقم قتل کے بعد دینی تھی۔ تمام ثبوت پولیس نے سامنے رکھے تو ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کیا۔

ڈاکٹر شاہد کے قتل کا مقدمہ ان کے دوسرے بیٹے تیمور کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جس کے متن میں کہا گیا کہ قتل کے وقت ڈاکٹر شاہد کے ساتھ بیٹا قیوم اور بھائی ساجد بھی ساتھ تھے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ڈاکٹر شاہد صدیق اپنی کار مییں بیٹھنے لگے تو شوٹر نے آکر فائرنگ کر دی۔ بیٹا قیوم سامنے اپنی کار کے پاس موجود تھا۔

واضح رہے کہ ویلنشیا ٹاؤن میں معروف نجی ہسپتال کے مالک ڈاکٹر شاہد صدیق کو دو روز قبل نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد کے باہر قتل کر دیا گیا تھا۔

مقتول پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما بھی تھے، نامعلوم حملہ آوروں نے ڈاکٹر شاہد صدیق کو 4 گولیاں ماریں۔

 

Leave a Comment