پی ٹی آئی کا جلسہ منسوخ: کارکنوں میں 5 ،5ہزار روپے تقسیم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ترنول میں منعقد ہونے والا جلسہ منسوخ کرنے کے بعد اپنے کارکنوں اور گاڑیوں کے ڈرائیوروں میں 5،5 ہزار روپے تقسیم کیے۔

پی ٹی آئی نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود ترنول میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، مقامی انتظامیہ نے جلسہ روکنے کے لیے جگہ جگہ کنٹینرز لگا کر راستے بلاک کر دیے تھے۔ جمعرات کو پارٹی نے شیڈول جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

جلسہ منسوخی کے بعد وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوابی پہنچ کر کارکنوں اور ڈرائیوروں میں 5 ہزار روپے فی کس تقسیم کیے۔ اس موقع پر شبلی فراز اور عمر ایوب بھی ان کے ہمراہ تھے۔

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ پیسوں کی تقسیم کی کوئی خاص وجہ نہیں تھی، بلکہ وزیراعلیٰ نے اپنی ذاتی حیثیت میں یہ رقم تقسیم کی تاکہ کارکنوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔

ذرائع کے مطابق، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہر صورت میں جلسہ کرنا چاہتے تھے، اور ان کی علی امین اور اسد قیصر سے بات چیت کے بعد یہ فیصلہ ہوا تھا کہ اسلام آباد میں جلسہ کیا جائے گا۔

دریں اثنا، اسلام آباد کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے، اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

Leave a Comment