سوراشٹرا اور چھتیس گڑھ کے میچ سے پہلے بھارتی بیٹر چتیشور پجارا ، مارک رام پرکاش اور ہربرٹ سوٹکلف کے ساتھ 17 فرسٹ کلاس ڈبل سنچریوں کے ساتھ موجود تھے تاہم اب پجارا نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا اور اب وہ 18 ڈبل سنچریوں کے ساتھ فہرست میں چوتھے نمبر پر قابض ہیں ۔
چتیشور پجارا کی ٹیم پہلی اننگز میں چھتیس گڑھ کے بڑے ٹوٹل (7-578) کے بعد میدان میں اتری۔
ہندوستان کے سابق نمبر 3 نے شیلڈن جیکسن کے ساتھ مل کر 109 رنز کی شراکت قائم کی اور ارپیت واساواڈا (73) کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 147 رنز بنائے۔
چتیشور پجارا نے 197 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی اور ڈبل سنچری تک پہنچنے کے لیے مزید 151 بالز کھیلیں، وہ بالآخر 234 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
صرف ڈان بریڈمین (37)، والٹر ہیمنڈ (36) اور ایلیس ہینڈرین (22) کے پاس چتیشور پجارا سے زیادہ فرسٹ کلاس ڈبل سنچریاں ہیں۔
21 ویں صدی میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں میں صرف پجارا (18)، رام پرکاش (17) اور گریم ہک (16) کے پاس 15 سے زیادہ ڈبل سنچریاں ہیں۔
36 سالہ چتیشور پجارا جنہوں نے نومبر 2008ء میں اپنا پہلی ڈبل سنچری سکور کی تھی، کی فرسٹ کلاس فارمیٹ میں 3 ٹرپل سنچریاں بھی ہیں۔
انہوں نے ہندوستان کے لیے 103 ٹیسٹ کھیلے جس میں 19 سنچریوں کے ساتھ 43.60 کی اوسط سے 7195 رنز بنائے، جن میں سے 3 ڈبل سنچریاں تھیں۔
مجموعی طور پر پجارا نے 273 فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں اور 52.34 کی اوسط سے 21149 رنز بنائے ہیں جن میں 80 نصف سنچریوں کے ساتھ 66 سنچریاں شامل ہیں۔