پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ون ڈے کپ ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کیلئے عارضی اسکواڈز کا اعلان کر دیا۔ کپتانوں کا تقرر 5 ٹیموں کے مینٹور کی جانب سے کیا گیا جن میں مصباح الحق (وولوز)، ثقلین مشتاق (پینتھرز)، سرفراز احمد (ڈولفنز)، شعیب ملک (اسٹالینز) اور وقار یونس (لائنز) کے شامل ہیں۔
ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل کو ڈولفنز، شاہین شاہ آفریدی لائنز، پینتھرز کی قیادت شاداب خان کریں گے جبکہ اسٹالینز کی قیادت محمد حارث اور محمد رضوان وولوز کی قیادت کے فرائض نبھائیں گے۔
چیمپئنز ون ڈے کپ میں ملک کے بہترین کرکٹرز شرکت کریں گے۔ 50 اوورز کا یہ ٹورنامنٹ سنگل لیگ فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ تمام میچ دوپہر 3 بجے شروع ہوں گے، سوائے 16 ستمبر کو لائنز بمقابلہ پینتھرز کے میچ کے، جو صبح 9:30 بجے شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا اختتام 4 دنوں میں تین پلے آف میچوں کے ساتھ ہوگا، جس کا اختتام 29 ستمبر کو فائنل میں ہوگا۔
بورڈ نے پانچوں ٹیموں کے عارضی اسکواڈز کا اعلان کیا، ان کا انتخاب ٹیم کے مینٹورز نے 150 کھلاڑیوں کے ایک پول سے ڈرافٹ کے عمل کے ذریعے کیا جسے پی سی بی نے فٹنس ٹیسٹ کے بعد فراہم کیا تھا۔
150 کھلاڑیوں میں سے 125 پچھلے 3 ڈومیسٹک سیزن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے تھے، بقیہ 25 کھلاڑی وائلڈ کارڈ تھے، جن کا انتخاب ان کے تجربے اور گزشتہ تینوں سیزنوں میں پاکستان، پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر 19 ٹیموں کے لیے کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا تھا