انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی میزبانی پاکستان کے سپرد کی گئی ہے۔
مگر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے پاکستان میں کھیلنے سے انکار نے اس بڑے ایونٹ کو تنازع کا شکار بنا دیا ہے۔ بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد سوشل میڈیا پر یہ سوال اٹھنے لگا ہے کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کرتا تو اس کی جگہ کون سی ٹیم لے سکتی ہے؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر آئس لینڈ کرکٹ کے آفیشل اکاؤنٹ نے ایک دلچسپ پول منعقد کیا،جس میں انہوں نے صارفین سے یہ سوال کیا کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی میں نہیں کھیلتا تو اس کی جگہ کون سی ٹیم لے گی؟
اس سوال پر شائقین کرکٹ نے مختلف تجاویز پیش کیں اور طنزیہ انداز میں کئی دلچسپ آراء کا اظہار کیا۔
زیادہ تر صارفین نے سری لنکا کو بھارت کے متبادل کے طور پر تجویز کیا،جبکہ کچھ صارفین نے دیگر ٹیموں کے نام بھی تجویز کیے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اگر بھارت پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے سے انکار کرتا ہے تو پاکستان کو بھی کسی قسم کی نرمی دکھانے کی ضرورت نہیں ہے،بلکہ ٹورنامنٹ کے تمام میچز پاکستان میں ہی منعقد ہونے چاہئیں،کسی بھی میچ کو بیرون ملک منتقل نہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025ء کا آغاز 19 فروری سے ہوگا،پاکستان اس ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لاجسٹک اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بھارت کے میچز لاہور میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا،جبکہ ٹورنامنٹ کے دیگر میچز کیلئے کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کرنے پر خطیر سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت نے آخری مرتبہ 2008ء میں ایشیا کپ کے دوران پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کی عدم شرکت کے امکان کے باوجود چیمپئنز ٹرافی 2025ء کیلئے شائقین کرکٹ پرامید ہیں کہ پاکستان میں اس ایونٹ کا کامیاب انعقاد ہوگا اور کسی متبادل ٹیم کے ساتھ ہی سہی، یہ ٹورنامنٹ دلچسپ ثابت ہوگا