(اب یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم وہ پاکستان میں رات گزارنے کے بجائے میچ کھیل کر فوراً واپس چلی جائے گی۔
بھارتی ٹیم میچ کھیلنے کے بعد 10 سے 12 گھنٹوں کے اندر اندر پاکستان چھوڑ دے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس معاملے میں زیادہ لچک دکھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت بھارتی ٹیم اپنے قیام کے لیے نئی دہلی، امرتسر یا موہالی میں رہ سکتی ہے اور صرف میچ کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ وہ چارٹرڈ فلائٹس اور ملٹی پل ویزے کے انتظامات کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔
کوالالمپور میں ہونے والی ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں بھی دونوں بورڈز کے اعلیٰ حکام نے اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا، بھارتی بورڈ نے پی سی بی سے رابطہ کیا جس پر پی سی بی نے ان کی ہر طرح سے مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کے بھارتی براڈ کاسٹر نے تجویز پیش کی ہے کہ بھارت کا ایک میچ لاہور کی بجائے راولپنڈی میں منعقد کیا جائے جس پر پاکستان نے رضا مندی ظاہر کی ہے