چیمپئنز ٹرافی فائنل لاہور سے دبئی منتقل کرنے پر غور، پی سی بی نے دوٹوک جواب دیدیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بارے میں برطانوی اخبار کے دعوے کی تردید کر دی۔ ترجمان پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان فائنل سمیت چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے تمام میچوں کے پاکستان میں انعقاد کے بارے میں واضح مؤقف رکھتا ہے۔ ایسی کوئی تجویز زیرغور نہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل پاکستان سے باہر ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اس بارے میں واضح پیغام دے دینا چاہتا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز پاکستان میں منعقد ہونگے۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہوراور کراچی کے سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن جاری ہے اور پی سی بی اپنی تمام توجہ اسی پر مرکوز کیے ہوئے ہے۔ خیال رہے کہ برطانوی اخبار نے خبر دی ہے کہ پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے فائنل کیلئے اگر بھارتی ٹیم کوالیفائی کرتی ہے تو ایونٹ کا فائنل لاہور سے دبئی منتقل کیا جاسکتا ہے۔
اگلے برس 19 فروری سے 9 مارچ 2025ء تک ہونے والے ٹورنامںٹ کے وینیوز کی تصدیق ہوچکی ہے تاہم شیڈول کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے کیونکہ بھارتی بورڈ اور حکومت اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکاری ہیں۔ تاہم امید کی جارہی ہے کہ میگا ایونٹ میں بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی، گرین شرٹس نے 2008ء میں آخری مرتبہ بھارت کی میزبانی کی تھی۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو لاہور میں طے ہے تاہم دبئی بیک اپ وینیو کے طور پر کام کرسکتا ہے، جس سے ٹیموں، میچ آفیشلز، میڈیا اور شائقین کیلئے لاجسٹک چیلنجز پیدا ہوسکتے ہیں

Leave a Comment