کیا ریحام خان نے چوتھی شادی کرلی؟ برائیڈل فوٹوشوٹ وائرل

معروف اینکر اور سیاسی مبصر ریحام خان کی بادشاہی مسجد میں کروائی گئی برائیڈل فوٹوشوٹ کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔
تصاویر کے منظر عام پر آتے ہی چوتھی شادی کی افواہیں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئیں، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی اکثریت نے اسے محض ایک اشتہاری فوٹوشوٹ قرار دیا ہے۔

ریحام خان کی پہلی شادی 1993 میں ڈاکٹر اعجاز رحمان سے ہوئی تھی، تاہم دونوں کے درمیان 2005 میں علیحدگی ہوگئی۔ بعد ازاں انہوں نے دوسری شادی 2014 میں سابق وزیراعظم عمران خان سے کی، جو صرف ایک سال بعد 2015 میں طلاق پر ختم ہوگئی۔

ریحام خان کی تیسری شادی ماڈل اور اداکار مرزا بلال سے ہوئی، اس وقت وہ ان کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہی ہیں۔ دونوں اکثر اپنی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہتے ہیں جن میں دونوں کی گہری ہم آہنگی نظر آتی ہے۔

ریحام خان کی حالیہ وائرل تصاویر لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں کھینچی گئی ہیں جن میں وہ عروسی لباس میں ملبوس ہیں۔ ان تصاویر نے نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ ناقدین کو بھی چوتھی شادی کے حوالے سے چہ مگوئیاں کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ یہ تصاویر کسی میک اپ آرٹسٹ یا کلاتھنگ برانڈ کے اشتہار کے لیے ہیں اور ان کا کسی حقیقی شادی سے کوئی تعلق نہیں۔

ایک صارف نے انسٹاگرام پر ریحام خان اور مرزا بلال کی دو ہفتے قبل کی پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ جوڑا مری اور لاہور کی سیر پر ایک ساتھ گیا ہوا ہے، ایسے میں چوتھی شادی کی خبریں محض قیاس آرائی ہیں۔

تاحال ریحام خان نے ان تصاویر یا چوتھی شادی کی افواہوں پر کوئی واضح بیان جاری نہیں کیا۔ ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ایک پیشہ ورانہ فوٹوشوٹ تھا جس کا ان کی ذاتی زندگی سے کوئی تعلق نہیں۔

ریحام خان کے مداحوں کا کہنا ہے کہ ان کی ذاتی زندگی پر قیاس آرائی کرنا غیر ضروری ہے جبکہ دیگر لوگوں کا ماننا ہے کہ عوامی شخصیت ہونے کے ناطے ایسی افواہیں عام ہیں۔

ریحام خان کی ذاتی زندگی ہمیشہ میڈیا اور عوامی توجہ کا مرکز رہی ہے، ان کے ہر قدم کو بڑے پیمانے پر جانچا جاتا ہے۔ یہ فوٹوشوٹ بھی ان کی عوامی مقبولیت اور تنازعات میں گھرے رہنے کی ایک اور مثال بن چکا ہے۔

Leave a Comment