یونان کشتی حادثے میں جاں بحق مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں مل گئیں‘ شناخت کا عمل مکمل

یونان میں چند روز قبل کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں مل گئیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق غیر قانونی طور پر یورپ جاتے ہوئے یونان میں کشتی حادثے کے دوران ملنے والی 4 مزید پاکستانی شہریوں کی میتوں میں 3 کی شناخت نارووال کے شبیر، زین علی اور ذیشان کے نام سے ہوئی، ان میں سے 1 کی شناخت سیالکوٹ کے اویس علی کے نام سے ہوئی، اس کے ساتھ ہی حادثے کے جاں بحق پاکستانیوں کی اب تک ملنے والی لاشوں کی تعداد 9 ہوگئی۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستانی شہریوں کی لاشیں یونان کے جزیرے گیواڈوس سے ایتھنز کے ہسپتال منتقل کر دی گئیں جس کے بعد پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ان میتوں کو پاکستان بھجوانے کے انتظامات کیے جارہے ہیں، تاہم لاشوں کو پاکستان لانے میں مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے جب کہ کشتی حادثے میں اب بھی 40 پاکستانیوں کی لاشیں لاپتا ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ یونان میں یہ حادثہ 13 اور 14 دسمبر کی درمیانی شب پیش آیا تھا جہاں غیر قانونی طور پر لیبیا کے علاقے تبروک سے یونان جاتے ہوئے کشتی حادثے کا شکار ہوئی، حادثے کا شکار کشتی میں 84 افراد سوار تھے جن میں سے تقریباً 40 افراد کو بچا لیا گیا، یونان کشتی حادثے میں زندہ بچنے والے پاکستانیوں کی جانب سے دل دہلا دینے والے انکشافات سامنے آئے۔

زندہ بچنے والوں نے بتایا کہ ایجنٹ کو پیسے دئے جس نے ہمیں لیبیا پہنچایا، پاکستان سے لیبیا پہنچے تو وہاں بہت مشکل میں دن گزارے، لیبیا میں ڈیڑھ دو مہینے رہے، جس گھر میں ہمیں رکھا ہوا تھا وہاں سے اٹھا کر شپ یارڈ لائے جہاں سے 11 دسمبر کو شپ نکلی تو سمندر میں حالات بہت خراب تھے، پانی کا بہاؤ بہت تیز تھا اور کشتی چھوٹی تھی جو سفر کے قابل نہیں تھی جس میں زبردستی سوار کرایا گیا، کشتی میں انجن بھی ناقص کوالٹی کے تھے، ایک بحری جہاز کے ساتھ ٹکرانے کے بعد کشتی الٹ گئی۔

Leave a Comment