طلاق عام طور پر دو خاندانوں اور خاص طور پر مرد اور عورت کیلئے انتہائی تکلیف دہ مرحلہ ہوتا ہے۔ لیکن آج کل اس رشتے سے چھٹکارا پانا ایک سوگ نہیں بلکہ خوش نصیبی سمجھی جاتی ہے جسے بھرپور طریقے سے منایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایسے میں ایک اور ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں ایک خاتون کو اپنی طلاق کا دھوم دھام سے جشن مناتے دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل کنٹینٹ کریئیٹرعظیمہ احسان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں ان دقیانوسی تصورات کو توڑ کراپنی زندگی کو ایک نیا موقع دینے کی خوشی میں جشن مناتے دیکھا گیا۔
وائرل ویڈیو میں اس خاتون کو خوب سج دھج کر کوک اسٹوڈیو کے گانے پر رقص کرتے دیکھا گیا اورساتھ ہی انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ طلاق یافتہ ہونے کے باوجود خوش اور کامیاب زندگی گزار رہی ہیں۔
غرارا اور لانگ شرٹ زیب تن کیے خاتون نے اپنے فینز کو بتایا کہ،’پاکستانی معاشرے میں طلاق کو عام طور پر موت کی سزا سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر خواتین کے لیے۔ مجھے بھی کہا گیا تھا کہ میری زندگی ختم ہو چکی ہے اور مجھے اس فیصلے پر پچھتاوا ہوگااور میری زندگی برباد ہو جائے گی اور یہاں تک کہ خوشی نام کی چیز کو تو بالکل بھول ہی جاؤ!’۔
عظیمہ مزید لکھتی ہیں کہ،’آج بھی لوگ مجھے جج کرتے ہیں، لیکن پتہ ہے کیا؟ میں اس پر رقص کرتی ہوں۔ میں ہنستی ہوں۔ زندگی ویسی نہیں ہے جیسی مجھے ڈرایا گیا تھا، بلکہ اس کے برعکس ہے’۔
انہوں نے اپنی دلی کیفیت کو بیان کرتے ہوئے مزید لکھا کہ،‘ہم طلاق کو ایک گناہ یا برا لفظ سمجھتے ہیں، جبکہ اسے ایک نئے آغاز کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ ہاں، یہ مشکل ہوتا ہے، دل توڑ دینے والا بھی ہوتا ہے۔ ہاں، کبھی کبھار تنہائی بھی محسوس ہوتی ہے۔ لیکن ایسے رشتے میں قید رہنا جہاں آپ سانس نہ لے سکیں، وہ اس سے کہیں زیادہ بدتر ہے۔’
ناکام شادی پر بات کرتے ہوئے وہ مزید لکھتی ہیں کہ،’ایک ناخوشگوار شادی میں زندگی گزارنا طلاق یافتہ ہونے سے زیادہ اذیت ناک ہے۔ میں نے یہ فیصلہ ہلکے میں نہیں لیا، بلکہ میں نے کبھی نہیں چاہا تھا کہ میری شناخت ایک طلاق یافتہ عورت کے طور پر ہو۔ لیکن میرے لیے اور میرے تین بچوں کے لیے یہ آزادی تھی۔ یہاں تک کہ میرے سابق شوہر کے لیے بھی یہ بہترین فیصلہ ثابت ہوا۔’
شادی کو کامیاب بنانے والے عناصر پر بات کرتے ہوئے تین بچوں کی والدہ نے مزید یہ بھی لکھا کہ،‘شادی محبت اور عزت پر قائم ہونی چاہیے، نہ کہ معاشرتی بدنامی کے خوف پر۔ میں بہت سی پاکستانی خواتین کو دیکھتی ہوں جو صرف ’ طلاق یافتہ’ کا لیبل لگنے کے ڈر سے اپنی زندگی قربان کر دیتی ہیں تو ان سے میں کہنا چاہتی ہوں کہ،’تمہاری خوشی اہم ہے، سکون (سکونِ قلب) اہم ہے، زندگی چلتی رہتی ہے۔ خوفزدہ مت ہو!’۔
طلاق کے تجربے پر بات کرتے ہوئے عظیمہ احسان نے طویل کیپشن کا کچھ اسطرح اختتام کیا کہ،‘دو سال بعد، میں جیتی جاگتی مثال ہوں،آپ ایک ساتھ رو سکتے ہیں، ٹھیک ہو سکتے ہیں، اور پھر یوں ناچ سکتے ہیں جیسے کوئی دیکھ نہیں رہا (سوائے انسٹاگرام کے، جو کہ… ہاں سب دیکھ رہا ہے! میں اپنا کماتی ہوں۔ اپنا کھاتی ہوں۔ اپنے آپ کو سنبھالتی ہوں۔ اپنے نخرے خود اٹھاتی ہوں۔ اپنے آپ کی فیورٹ ہوں۔ کوئی مرد کی ٹینشن نہیں ہے۔
تاہم انٹرنیٹ پر کچھ لوگوں نے تنقید کی،مگر اکثریت نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دعا کی کہ وہ ہمیشہ خوش رہیں