وزیراعلیٰ مریم نواز 14 اگست کو ’’عزم ہر بے گھر کے لئے اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام لانچ کریں گی۔ انہوں نے اجلاس میں تین ماڈلز کی اصولی منظوری دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں ’’ اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مریم نواز نے عوام کی سہولت کیلئے ٹال فری نمبر متعارف کروانے کا حکم دیا، ان کی ہدایت پر پی آئی ٹی بی پروگرام کے لئے خصوصی پورٹل تیار کرے گا، ماڈل گھر حاصل کرنے کے خواہش مند گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر) اسد اللہ خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘پروگرام کیلئے فارم ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر سے حاصل کئے جا سکیں گے۔
ایک سے پانچ مرلہ تک پلاٹ کے مالکان گھر بنانے کے لئے بلاسود قرضہ حاصل کر سکیں گے اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر قرضے کی وصولی آسان قسطوں میں کی جائے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری زمین پر گراؤنڈ اور تین منزلہ اپارٹمنٹ کے پروگرام کا پی سی ون منظور ہوگیا ہے جبکہ فزیبلٹی سٹڈی جلد ہوگی۔ پرائیویٹ سکیموں میں تین اور پانچ مرلہ کے گھر پھاٹا کے الاٹیز کو ملیں گے۔ پھاٹا کے الاٹی پرائیویٹ سکیم میں گھر لینے پر پانچ سال میں گھر کی اقساط ادا کریں گے۔
حکومت پنجاب پرائیویٹ سکیم میں گھر کی لاگت کا بوجھ کم کرنے کے لئے سبسڈی دے گی۔ مائیکروفنانس اداروں کے ذریعے قرض کی ادائیگی پر سروس چارجز پر حکومت پنجاب ادا کرے گی