ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناقص پرفارمنس، وہاب ریاض اور عبدالرزاق عہدے سے فارغ

ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس پر سلیکٹر وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں سابق کرکٹرز اب آئندہ سلیکشن معاملات میں شامل نہیں ہوں گے۔ محمد یوسف اور اسد شفیق فی الحال بطور سلیکٹر کام جاری رکھیں گے۔ سلیکشن کمیٹی میں کپتان اور ہیڈ کوچ بھی برقرار رہیں گے۔

عبدالرزاق اور وہاب ریاض کی جگہ نئے سلیکٹرز کا انتخاب کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ سابق کرکٹرز کی جانب سے ٹیم سلیکشن پر تنقید کے بعد کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کے ساتھ بطور سینئر مینجر ذمہ داری نبھانے والے وہاب ریاض کو اس عہدہ سے بھی ہٹائے جانے کا امکان ہے۔ ان کی جگہ کسی سینئر کرکٹر یا بیورو کریٹ کو اب قومی ٹیم کا نیا مینجر بنایا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ وہاب ریاض کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے عارضی سینئر ٹیم منیجر بھی بنایا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق آئندہ آنے والے دنوں میں سلیکشن کمیٹی کی از سر نو تشکیل کے ساتھ ٹیم انتظامیہ میں بھی بعض اہم تبدیلیاں سامنے آسکتی ہیں۔

Leave a Comment